
روی کمار اورچلوادی نارائین سوامی کے خلاف کارروائی کا مطالبہ
ریاستی گورنر گہلوٹ سے کانگریس اراکین کونسل کے وفد کی نمائندگی
بنگلورو۔29مئی(سالار نیوز) کلبرگی کی ڈپٹی کمشنر فوزےہ ترنم کو پاکستانی کہنے والے بی جے پی رکن کونسل این روی کمار اور ریاستی وزیر بائے دےہی ترقیات پرینک کھرگے کو کتا کہہ کر پکارنے والے ریاستی کونسل کے اپوزیشن لےڈرچلوادی نارائی سوامی کے خلاف کانگریس کے اراکین کونسل کے ایک وفد نے گورنر تھاور چند گہلوت سے شکایت کی ہے۔ کونسل میں کانگریس کے رہنما اور ریاستی وزیر این ایس بوسراج اور کونسل کے چیف وہپ سلےم احمد کی قیادت میں اراکین کونسل کے وفد نے راج بھون میں گورنر گہلوٹ سے ملاقات کی اور ان کو اس ضمن میں ایک میمورینڈم دیا انہوں نے مانگ کی کہ چلوادی نارائین سوامی اور روی کمار کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ ملاقات کے بعد این ایس بوسراج نے کہا کہ روی کمار اور چلوادی نارائین سوامی نے جس طرح کی بدزبانی کی اور سڑکوں پر جس طرح آئین کی توہین کی ہے اس کے لئے ان کی گرفت ہونی چاہئے۔ کونسل کے چیف وہپ سلےم احمد نے کہا کہ کانگریس نے وفد نے گورنر سے مانگ کی ہے کہ ایک ہونہار آئی اے ایس آفیسر فوزےہ ترنم جن کی خدمات کےلئے صدر ہند کے اعزاز سے نوازا ہے ایسی آفیسر کو پاکستانی کہنے والے رکن کونسل کے خلاف کارروائی لازمی ہے اسی طرح ریاست کے ایک ذمہ دار وزیر پرینک کھرگے کو کتا کہہ کر پکارنے والے چلوادی نارائین سوامی پر بھی انہوں نے سخت کارروائی کی مانگ کی ہے۔ وفد میں وزیر اعلیٰ کے سیاسی سکریٹری نصیر احمد ، اراکین کونسل وسنت کمار، انیل کمار، ایم ایل جگدیو گتے دار،ڈی ٹی سرینواس،دنیش گولی گوڑا،چنا راج ہوٹی ہولی،بسونا گوڑا بادرلی،پٹنا،گووند راجو، ناگارج یادو، منجوناتھ بھنڈاری شامل تھے۔