urdu news today live

آڈگڈی میں سلنڈر دھماکے سے 10سالہ مبارک لقمہ اجل
دیگر 15افراد زخمی، مکانات کو بھاری نقصان، وزیر اعلیٰ ا ور نائب وزیر اعلیٰ کا دورہ
بنگلورو ۔15اگست (سالار نیوز)ایک 10 سالہ لڑکا جمعہ کو یہاں ایک مشتبہ سلنڈر دھماکے میں ماراگیا، پولیس نے بتایاکہ اس واقعے میں کم از کم 15افراد زخمی ہوئے ہیں۔ وزیر اعلی سدارامیا نے دھماکے کی جگہ اور اسپتالوں کا دورہ کرنے کے بعد اعلان کیا کہ مرنے والے بچے کے لواحقین کو 5 لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے گا۔ زخمی ہونے والوں کے طبی اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔مقتول کی شناخت مبارک کے نام سے ہوئی ہے۔یہ واقعہ سنٹرل بنگلورو کے ولسن گارڈن کے چنیان پالیا میں پیش آیا، ایک خاص طور پر رہائشی محلہ جہاں مکانات ایک دوسرے لگے ہوئے ہیں۔جائے وقوعہ کا دورہ کرنے کے بعد سدارامیا نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ پہلی نظر میں لگتا ہے کہ سلنڈر دھماکہ اس واقعہ کی وجہ تھا۔انہوں نے کہا کہ کوئی بو نہیں ہے، لیکن پولیس اور بروہت بنگلورو مہانگرا پالیکے کی رپورٹوں کے مطابق، ہو سکتا ہے کہ سلنڈر دھماکہ ہوا ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ تقریبا15افراد زخمی ہوئے، مبارک کو سنجے گاندھی اسپتال میں مردہ قرار دیا گیا۔ حکام نے پہلے بتایا تھا کہ دھماکے میں 12 افراد زخمی ہوئے ہیں۔وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ جس گھر میں دھماکہ ہوا وہ کستورما کا ہے، جو جھلسنے کے سبب ہسپتال میں داخل ہے۔ان کے مطابق 13 مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ میں نے بی بی ایم پی کمشنر کو مکانات کی مرمت کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اگر مکان مکمل طور پر گر گیا ہے تو ہم ان کی تعمیر کرائیں گے۔قبل ازیں، نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے، سٹی پولیس کمشنر، سیمنتھ کمار سنگھ نے کہا کہ جس گھر میں دھماکہ ہوا، وہاں تین رکنی کنبہ کرائے پر مقیم تھا۔کمار نے بتایا کہ یہ شخص مزدوری کا کام کرتا ہے اور وہ معمول کے مطابق صبح سویرے کام پر نکلا تھا۔ گھر میں موجود ماں اور بچہ زخمی ہو گئے۔ لیکن جو لڑکاماراگیا وہ پڑوسی کے گھر میں تھا۔ پولیس کنٹرول روم کو صبح 8.30 بجے کے قریب کال موصول ہوئی۔سنگھ نے مزید کہا کہ ہم نے فوری طور پر بم ڈسپوزل اسکواڈ، انسداد دہشت گردی دستہ، ریاستی ڈیزاسٹر رسپانس فورس، فائر بریگیڈ کے ساتھ ساتھ مقامی پولیس کو مطلع کیا۔ہم تباہ شدہ مکانات کو صاف کر رہے ہیں، تحقیقات جاری ہیں۔کمشنرنے کہا کہ یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ دھماکے کی اصل وجہ کیا تھی۔وزیر اعلیٰ کے بعد نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیو کمار نے بھی اس علاقہ کا دور ہ کیا ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *