
بنگلورو میں گڑھے بی جے پی کی غلط حکمرانی کا نتیجہ: شیوکمار
گڑھے بھرنے کیلئے وزیر اعلیٰ کی طرف سے 750 کروڑ روپے کا گرانٹ
بنگلورو۔ 25 ستمبر(سالار نیوز)بنگلورو میں گڑھوں کے لئے پچھلی بی جے پی حکومت کی غلط حکمرانی کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے آج کہا کہ شہر میں گڑھے بھرنے کیلئے وزیر اعلیٰ کی طرف سے 750 کروڑ روپے کی گرانٹ دی گئی ہے۔رویندر کلاکشیتر میں معروف مصنف ایس ایل بھیرپّا کا آخری دیدار کرنے کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم بنگلورو میں گڑھوں کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے پر±عزم ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے اس مقصد کیلئے 750 کروڑ روپے کی گرانٹ جاری کی ہے۔ بنگلورو میں گڑھوں کے خلاف بی جے پی کے احتجاج کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا کہ یہ سچ ہے کہ بنگلورو میں گڑھے ہیں اور ہم جنگی پیمانے پر ان کو بھر رہے ہیں۔ ہم نے پولیس اور عوام سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ ہمیں گڑھوں کی جگہ بتائیں۔ ہم پچھلی بی جے پی حکومت کی بدانتظامی کی وجہ سے اس حالت میں ہیں۔ احتجاج کرنے والے بی جے پی لیڈروں کو یہ نہیں سمجھنا چاہیے کہ مرکز ی حکومت کی طرف سے شہر بنگلوروکی ترقی کےلئے کوئی خصوصی فنڈ دیا جا رہا ہے۔ ہم بنگلورو کے مفادات کی حفاظت کریں گے اور ہبلی دھارواڑ میں بی جے پی کے زیر انتظام کارپوریشنوں کے خلاف احتجاج کریں گے۔یہ پوچھے جانے پر کہ کیا وہ صنعت کاروں سے گڑھوں کے معاملے پر بات کریں گے تو انہوں نے کہا کہ وہ ہمارے دوست ہیں لیکن انہیں اپنی ذمہ داریوں کا احساس بھی کرنا چاہیے۔بہار میں کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ میں کئے گئے فیصلوں پر ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا، “میں اس کے بارے میں بات نہیں کرنا چاہوں گا، ہم ایک شخص کے لیے ایک ووٹ کی آئینیگائڈلائن کے پابند ہیں۔”