urdu news today live

چکمگلور میں دتہ جینتی بینر تنازعہ نے لی جان
کانگریس کارکن گنیش گوڈاکو بجرنگ دل کارندوںنے مارڈالا
چکمگلورو۔6 ڈسمبر (سالار نیوز)چکمگلور ضلع کے کڈور تعلقہ کے سکرایہ ایا پٹنہ میں دتہ جینتی کا بینر ہٹانے کے معاملے نے سنگین رخ اختیار کرتے ہوئے ایک کانگریس کارکن کے قتل کا واقعہ جنم دیا ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق، دتہ جینتی کے سلسلے میں نصب کیا گیا ایک بینر ہٹانے پر دو گروپوں کے درمیان تنازعہ شدت اختیار کرگیا۔ اسی جھگڑے کی بنیاد پر کانگریس کارکن گنیش گوڈا (40) پر مبینہ طور پر بجرنگ دل سے وابستہ افراد نے حملہ کیا اور انہیں بے رحمی سے قتل کردیا۔گنیش گوڈا سکرایہ ایا پٹنہ گرام پنچایت کے منتخب رکن تھے۔پولیس کے مطابق، گنیش گوڈا اپنی کار میں سفر کر رہے تھے کہ اسی دوران موٹر سائیکل پر آئے حملہ آوروں نے ان پر مہلکت ہھتیارسے شدید وارکئے، جس سے وہ موقع پر ہی جان گنوا بیٹھے۔اس حملے میں ان کے ساتھی سنجے بھی شدید زخمی ہوئے جنہیں ضلع اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔واقعے کے بعد علاقے میں سخت حفاظتی انتظامات نافذ کر دئیے گئے ہیں۔پولیس نے اب تک پانچ ملزمین کو گرفتار کیا ہے، جن میں سنجے، بھوشن، مِتھن وغیرہ شامل ہیں۔بجرنگ دل کے 6 کارکنوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔دیگر مفرور ملزمان کی تلاش کے لئے چار خصوصی پولیس ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ملزم مِتھن سے پولیس تفتیش جاری رکھے ہوئے ہے۔مقامی رکن اسمبلی آنند نے واقعے پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بینر ہٹانے کے معاملے پر گزشتہ کئی دنوں سے کشیدگی تھی۔ اگر پولیس بروقت کارروائی کرتی تو یہ قتل روکا جا سکتا تھا۔ واقعے میں کم از کم 8 افراد کے ملوث ہونے کا شبہ ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *