urdu news today live

مہا دیو پورہ میں ووٹ چوری کے خلاف کانگریس کی دستخطی مہم ’
ملک کے آئین اور جمہوریت کو مٹانے بی جے پی کی کوششوں کے خلاف متحدہ جدوجہد ضروری: منصور علی خان
بنگلورو۔10 اکتوبر(سالار نیوز)مرکز میں برسر اقتدار بی جے پی حکومت کے خلاف کانگریس پارٹی کے رہنما راہل گاندھی کی طرف سے شروع کی گئی ووٹ چوری مخالف مہم کے تحت ملک بھر میں ان دنوں ریالیاں اور دستخطی تحریکیں کافی زوروں پر ہیں ۔ جمعہ کے روز شہرکے مہادیو پورہ میں بھی کانگریس کارکنوں نے کافی زوردار دستخطی مہم چلائی اور ووٹ چور حکومت کے خلاف نعرے لگا کر ملک کے آئین اور جمہوریت کی حفاظت کےلئے آواز دی۔ اے آئی سی سی سکریٹری اور بنگلور سنٹرل لوک سبھا حلقہ کے کانگریس امیدوارمنصور علی خان کی قیادت میں چلائی گئی اس مہم میں سابق ریاستی وزیر ایچ ناگیش، پلکیشی نگرحلقہ کے رکن اسمبلی اے سی سرینواس ، بنگلور و ایسٹ ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر نندا کمار،کانگریس رہنما غفار بیگ اور دیگر رہنماو¿ں نے شرکت کی۔ اس موقع پر منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے منصور علی خان نے کہا کہ کانگریس کے رہنما اور لوک سبھا کے اپوزیشن لےڈر راہل گاندھی نے ملک میں ووٹ چوری کے خلاف تحریک کی شروعات مہا دیو پورہ اسمبلی حلقہ میں کی گئی ووٹ چوری کو ثبوتوں کے ساتھ بے نقاب کرکے ہی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے ملک کے عوام کے سامنے ےہ بے نقاب کر دیا ہے کہ کیسے بی جے پی اور الیکشن کمیشن ملی بھگت سے عوام کے ووٹوں کو چرا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار پر بنے رہنے کےلئے بی جے پی اس ملک کے آئین اور جمہوریت کا گلا گھونٹنے پر اتر آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک فرد ایک ووٹ اس ملک کے جمہوری نظا م کی بنیاد ہے۔ بی جے پی اس بنیاد کو ہی مٹادینے پرتلی ہوئی ہے۔ جہاں بی جے پی کو ضرورت ہے وہاں ووٹوں میں بے تحاشہ اضافہ اور جہاں خوف ہے وہاں بڑی تعدا د میں ووٹر لسٹوں سے ناموں کا اخراج کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک میں جمہوریت اورآئین کو بچانے کےلئے عوام کو بیدار کرنے کی ضرورت ہے۔ ووٹ چوری کےلئے ووٹر لسٹوں میں ناموں کے اندراج اور اخراج کا سہارا لیا جا رہا ہے۔جس طرح بہار میں ایس آئی آر کے ذریعے ناموں کو کاٹا گیا اسی طرح کا تجربہ بی جے پی آنے والے دنوں میں مرکزی الیکشن کمیشن کی ملی بھگت سے کرناٹک میں بھی کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے عوام کو بالخصوص کانگریس کارکنوں کو اس معاملے میں ہوشیار رہنے کی ہدایت دی اور کہا کہ ووٹر لسٹوں میں ناموں کو بغیر کسی بنیاد کے شامل کرنے یا بے وجہ ہٹانے کا کوئی بھی معاملہ سامنے آئے تو اس کے خلاف کانگریس پارٹی کھل کر آواز اٹھائے گی۔انہوں نے کہا کہ اس ملک کے آئین اور جمہوریت کو مٹانے کےلئے بی جے پی کی طرف سے جو کوشش کی جا رہی ہے اس کے خلاف نہ صرف کانگریس بلکہ و ہ تمام لوگ جو آئین،جمہوریت اور ملک کی سلامتی کےلئے فکر مند ہیں وہ بھی متحد ہو کر اس تحریک کا حصہ بنیں۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں کانگریس قائدین اور کارکنوں نے ووٹ چوری کے خلاف دستخطی مہممیں حصہ لیا ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *