urdu news today live

مضافات بنگلورو بنی کوپہ میں جامع العلوم کے دارالقرآن کی تعمیر مکمل
25اکتوبر کو وزیر اعلیٰ سدارامیا افتتاح کریں گے
بنگلورو۔ 11 اکتوبر(سالار نیوز)شہر بنگلورو کی جامع مسجد کے تحت چلنے والے تعلیمی ادارے جامع العلوم کے بنی کوپہ کیمپس میں موجود عالیشان تعلیمی کامپلکس دارالقرآن کا تعمیری کام تقریباً مکمل ہو چکا ہے۔ اس عمارت کے افتتاح کا پروگرام منعقد کرنے کی تیاری بڑے پےمانے پر چل رہی ہے۔ ریاست کے وزیر اعلیٰ سدارامیا کو اس پروگرام کےلئے مدعوکرنے کے سلسلہ میں ایک وفد نے وزیر اعلیٰ سدارامیا سے ملاقات کی اور ان کو باضابطہ مدعو کیا۔ وزیر برائے ہاﺅزنگ ،اقلیتی بہبود واوقاف ضمیر احمد خان کی قیادت میں وفد نے وزیر اعلیٰ سے ان کی سرکاری رہائش گاہ کاویری پر ملاقات کی ۔ اس ملاقات کے دوران وزیر اعلیٰ نے 25اکتوبر 2025کی شام 4بجے دارالقرآن کے افتتاحی پروگرام میں شرکت کےلئے رضامندی ظاہر کر دی ہے۔ اس سلسلہ میں مولا نا مقصود عمران رشادی ،خطیب وامام ،جامع مسجد بنگلورو نے بتایا کہ دار القرآن کی تعمیر کا کام تکمیل کے مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔ بنی کوپہ میں موجود اس کیمپس میں حفاظ کرام کو دینی وعصری تعلیم دینے کا نظم ہے۔ وہاں حفاظ کرام کو ایس ایس ایل سی اور پی یو سی امتحان کےلئے تیار کیا جاتا ہے اس کے علاوہ مدارس کے طلباءکو نیشنل اوپن اسکول آف انڈیا(این آئی او ایس) کے تحت عصری تعلیم سے آراستہ کرنے کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس کیمپس میں تعمیر شدہ دارلقرآن کیمپس میں طلباءکو عمدہ ترین معیار کی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں ۔ان تمام تر سہولتوں سے لیس شاندار عمارت کے افتتاح کےلئے ذمہ داروں نے وزیر اعلیٰ سدارامیا کو مدعو کیا تو انہوں نے بخوشی رضامندی ظاہر کی ۔ انہوں نے کہا کہ افتتاحی تقریب کو مدرسے کے شایان شان منعقد کرنے کےلئے تیاریاں کی جائیں گی اور یقینی بنایا جائے گا کہ بہترین پروگرام کا اہتمام کیا جائے جہاں سے مسلمانان کرناٹک کو حکومت کا ایک بہترین پیغام مل سکے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ کے سیاسی سکریٹری نصیر احمد،جامع مسجد کے سکریٹری نور الامین ،خازن سید مرتضی حسین غفران موجود تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *