کرناٹک میں ”تارے زمین پر“کی دوبارہ واپسی
طلبہ مےں سائنسی تجسس بڑھانے موبائل ڈیجیٹل پلینیٹوریم منصوبہ کااعلان
بنگلور۔ 19 اکتوبر (سالارنےوز)کرناٹک حکومت نے ریاست کے طلبہ میں سائنسی تجسس کو فروغ دینے اور فلکیات کی تعلیم کو دیہی و نیم شہری علاقوں تک پہنچانے کے مقصد سے 11 موبائل ڈیجیٹل پلینیٹوریم کے آپریشن اور دیکھ بھال کے لئے نئے ٹنڈرز جاری کیے ہیں۔ یہ اقدام کرناٹک سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پروموشن سوسائٹی (کے اےس ٹی،پی اےس) کے تحت کیا جا رہا ہے، جو اپنے مشہور تعلیمی پروگرام”تارے زمین پر“موبائل پلینیٹوریم کو دوبارہ شروع کر رہی ہے۔یہ پروگرام 2024 میں عارضی طور پر رک گیا تھا، مگر اب اسے جدید سہولتوں کے ساتھ دوبارہ فعال کیا جا رہا ہے۔ منصوبے کے تحت تیار کیے گئے موبائل پلینیٹوریمز ریاست کے مختلف اسکولوں کا دورہ کریں گے، تاکہ طلبہ کو رات کے وقت آسمان اور خلا کا ایک ڈیجیٹل، عمیق (immersive) تجربہ فراہم کیا جا سکے۔
کلیان کرناٹک کو خصوصی ترجیح:ریاستی حکومت کے مطابق 11 میں سے چھ موبائل پلینیٹیوریم کلیان کرناٹک خطے میں تعینات کیے جائیں گے، تاکہ تعلیمی لحاظ سے پسماندہ اضلاع کے طلبہ کو بھی سائنسی تعلیم کے جدید مواقع میسر ہوں۔ہر موبائل ٹیم میں دو ارکان ہوں گے ۔ ایک سائنس گریجویٹ انسٹرکٹر جو کنڑ ااور انگریزی میں مہارت رکھتا ہو، اور ایک لائسنس یافتہ ڈرائیور۔ منتخب تنظیمیں آلات کی دیکھ بھال اور آپریشن سے قبل ان کی مکمل تصدیق کی ذمہ دار ہوں گی۔اس کے ذرےعہ سائنسی تعلیم میں مثبت اثرات مرتب ہونے کی امےدہے۔کرناٹکا ایویلیوایشن اینڈ مانیٹرنگ اتھارٹی (کے اےم ای اے) کی 2017 تا 2023 کی حکومتی رپورٹ کے مطابق اس پروگرام نے طلبہ خاص طور پر دیہی علاقوں اور لڑکیوں میں سائنس سے دلچسپی اور تجسس میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ اساتذہ اور والدین نے اس پروگرام کے تعلیمی اثرات کو سراہا، جبکہ طلبہ میں شرکت اور مشغولیت میں خاطر خواہ اضافہ دیکھا گیا۔کے اےم ای اے نے سفارش کی ہے کہ اساتذہ کی مسلسل تربیت، بہتر لاجسٹکس، اور بین محکماتی تعاون سے اس پروگرام کی رسائی کو مزید مو¿ثر بنایا جائے۔کے اےس ٹی ،پی اےس کے ایک اہلکار کے مطابق موبائل پلینیٹیوریم منصوبہ حکومت کے سب سے جدید سائنس رسائی پروگراموں میں سے ایک ہے۔ اس کی بحالی سے ہزاروں طلبہ کو خلا اور فلکیات کا براہِ راست تجربہ حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔یہ منصوبہ بنگلورو کے ایڈٹیک اسٹارٹ اپ ورناز ٹیکنالوجیز کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے، جو جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے علمِ فلکیات کو اسکول یارڈ تک لے جانے میں معاون ہے۔