ٹماٹر کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کاخدشہ
بنگلورو، یکم دسمبر (سالار نیوز): ٹماٹر کی قیمت آسمان کو چھو رہی ہے اور آنے والے دنوں میں خوردہ بازار میں اس کے 100 روپے فی کلو تک پہنچنے کاخدشہ ہے۔کاشتکار ٹماٹر کی پیداوار میں کمی کی وجہ شدید بارشیں بتا رہے ہیں۔ کولار کے ٹماٹر کے کسان لکشمن گوڑا نے وضاحت کی کہ اس سال بارش کی وجہ سے فصل خراب ہوئی ہے۔ کولار کے ایک ٹماٹر کاشتکار لکشمن گوڈا کے حوالے سے بتایا گیا کہ بارش کے ساتھ ساتھ وائرس کے حملوں سے پیداوار میں زبردست کمی آئی ہے جبکہ مانگ زیادہ ہے۔ اس وجہ سے قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔ کولار زرعی پیداوار مارکیٹنگ کمیٹی (اے پی ایم سی) کے ڈیلروں نے مارکیٹ میں ٹماٹر کی آمد میں 40 فیصد کمی کی اطلاع دی ہے۔کولار اے پی ایم سی کے ایک ڈیلر سری ناتھ نے وضاحت کی کہ انہیں پہلے روزانہ تقریبا 3,500 ٹن ٹماٹر ملتے تھے، لیکن اب یہ تعداد کم ہو کر تقریبا 2,000 ٹن رہ گئی ہے۔ جب کہ کرناٹک میں فصل کے نقصان نے پیداوار کو کم کیا ہے، مہاراشٹر میں خراب بارش کا مطلب یہ ہے کہ کرناٹک سے بہت ساری پیداوار شمالی ہندوستان میں مانگ کو پورا کرنے کے لیے بھیجی جا رہی ہے۔ اس وجہ سے بحران ہے۔دریں اثنا، پیاز کی قیمتوں میں تیزی سے تبدیلی دیکھی گئی ہے. ٹماٹر کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے برعکس، پیاز اب ہول سیل مارکیٹ میں 5 روپے فی کلو گرام تک کم میں دستیاب ہے۔ یشونت پور اے پی ایم سی مارکیٹ کے ڈیلروں نے نم موسمی حالات کی طرف اشارہ کیا ہے، جس نے پیاز کی فصلوں کو نقصان پہنچایا ہے، جس کی وجہ سے کم معیار کی پیداوار زیادہ ہے۔یشونت پور اے پی ایم سی کے افسر وں نے بتایا کہ بازار میں آنے والی پیاز میں سے صرف 10% اچھی ہے اور باقی ناقص معیار کی ہے۔ بارش نے فصلوں کو نقصان پہنچایا جس سے پیداوار میں کمی آئی اور اب نم موسمی حالات کا مطلب ہے کہ بہت سی پیاز نقل و حمل کے دوران بھی سڑ رہے ہیں۔ چونکہ اچھی کوالٹی کی پیاز دستیاب نہیں ہے، اس لیے قیمت کم رہی ہے۔اطلاعات کے مطابق یہ صورت حال کم از کم اگلے دو ماہ تک برقرار رہنے کی توقع ہے، جس کے بعد کچھ ریلیف متوقع ہے۔