urdu news today live

ایس ایس ایل سی اورپی یوسی امتحانات میں بڑی تبدیلی متوقع
محکمۂ تعلیم تیسرے امتحان کو ختم کرنے پر غورکررہاہے
بنگلورو۔3دسمبر(سالارنیوز)کرناٹک محکمۂ تعلیمات عامہ ،جس نے حال ہی میں ایس ایس ایل سی اور پی یوسی سال دوم کے طلبہ کے پاسنگ نمبروں کو 35 فیصد سے کم کرکے 33 فیصد کیا تھا، اب امتحانی نظام میں ایک اور اہم تبدیلی پر غور کررہا ہے۔ محکمہ کے ذرائع کے مطابق حکومت تین امتحانات کے فارمولے کو ختم کرکے اسے دوبارہ دو امتحانات تک محدود کرنے کے قریب ہے۔ تین امتحانات کا نظام کیوں ختم کیا جارہا ہے؟:مدھو بنگارپا کے وزیر تعلیم بننے کے بعد پچھلے دو برسوں سے ریاست میں ایس ایس ایل سی اور پی یوسی کے لئے تین امتحانات منعقد کئے جارہے تھے۔ اس سے پہلے طلبہ کو صرف دو مواقع دئے جاتے تھے۔تاہم اب محکمۂ تعلیم کا ماننا ہے کہ پاسنگ نمبروں میں کمی کے بعدزیادہ تر طلبہ پہلے دو امتحانات میں ہی پاس ہو رہے ہیں۔تیسرے امتحان میں امیدواروں کی کارکردگی میں کوئی خاص بہتری نہیں دیکھی گئی۔اضافی امتحان منعقد کرنے کی ضرورت کم ہوگئی ہے۔اسی بنیاد پر محکمہ اس سال سے ہی تیسرے امتحان کو منسوخ کرنے پر سنجیدگی سے غور کر رہا ہے۔اگر حکومت اور محکمۂ تعلیم نے باضابطہ منظوری دے دی تومستقبل میں ایس ایس ایل سی اور پی یوسی سال دوم کے طلبہ کے لئے صرف دو امتحانی مواقع رہیں گے۔پچھلے دو سال سے جاری تیسرے امتحانات کا فارمولہ ختم ہوجائے گا۔محکمہ نے ایس ایس ایل سی اور پی یوسی کے امتحان۔1 اور امتحانـ2 کا حتمی شیڈول جاری کرتے ہوئے بھی اس بات کا عندیہ دیا ہے کہ تیسرے امتحان کو الوداع کہا جا سکتا ہے۔ذرائع کے مطابق تیسرے امتحان کے حق اور مخالفت میں بحث جاری ہے، تاہم امید ہے کہ تیسرے امتحان کو مختصر یا مکمل طور پر ختم کرنے کا حکم جلد جاری ہوگا۔
امتحانی شیڈول:ایس ایس ایل سی سالانہ امتحان: 18 مارچ 2026ء سے 2 اپریل 2026ء تکـپی یوسی سال دوم کا سالانہ امتحان، 28 فروری 2026 ء سے 17 مارچ 2026ء تکـمحکمۂ تعلیم کے اس ممکنہ فیصلے سے امتحانی نظام میں بڑی تبدیلی آئے گی، جبکہ طلبہ اور اساتذہ دونوں اس اعلان کے منتظر ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *