urdu news today live

بریک فاسٹ میٹنگ کے بعد کانگریس کے دونوں دھڑوں میں سکون، بیانات میں نرمی
بنگلورو۔3دسمبر(سالارنیوز)وزیر اعلیٰ اور نائب وزیر اعلیٰ کے درمیان دو مرحلوں پر مشتمل اہم ناشتے کی ملاقات کے بعد کرناٹک کانگریس کے دونوں دھڑوں میں تناؤ میں نمایاں کمی دیکھی جارہی ہے۔ پارٹی کے اندرونی اختلافات پر لگام لگانے میں ہائی کمان ایک حد تک کامیاب نظر آئی ہے اور اب کوئی رہنما کھلے عام ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی نہیں کر رہا۔رام نگر سے کانگریس کے ایم ایل اے اقبال حسین نے بھی اس ملاقات پر بالواسطہ تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ”یہ سبزی تھی، یہ نان ویج تھی۔ یہی سمجھا جاتا تھا کہ وہاں سب پرسکون ہے۔ ان دونوں نے اڈلی کھائی، چکن کھایا،اب ہمیں کوئی شک نہیں رہ گیا کہ سب برابر ہے۔اقبال حسین جنہیں ڈی کے شیوکمار کا قریبی سمجھا جاتا ہے، نے ایک مرتبہ پھر واضح کیا کہ ان کی خواہش ہے کہ ڈی کے شیوکمار وزیر اعلیٰ بنیں۔ تاہم انہوں نے وزیراعلیٰ سدارامیا کے حالیہ بیانات کو زیادہ معنی دینے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ” طاقت کسی کے لئے مستقل نہیں ہوتی۔ دنیا بھی مستقل نہیں ہے، ہر چیز کا خاتمہ ہے۔ سابق وزیراعلیٰ کمارسوامی کی طاقت بھی مستقل نہیں تھی۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ نے جو کہا اسے غیر ضروری معنی نہ دئے جائیں۔ ہم سب کی خواہش ایک ہی ہے کہ ڈی کے شیوکمار وزیر اعلیٰ بنیں۔ انہوں نے ہمیں سمجھایا کہ آگے کیا ہونا چاہئے اور ہم کیوں لڑ رہے ہیں۔ڈی کے شیوکمار کی رہائش گاہ پر منعقدہ ناشتے کی اس میٹنگ میں وزیر اعلیٰ سدارامیا، ڈی کے سریش، اور کنیگل کے ایم ایل اے رنگناتھ بھی موجود تھے۔ ملاقات کے بعد وزیر اعلیٰ سدارامیا نے ناٹی مرغی کے ذائقے کا ذکر کرتے ہوئے ماحول کو مزید خوشگوار بنایا۔پارٹی ہائی کمان نے واضح کردیا ہے کہ حکومتی قیادت سے متعلق جو بھی فیصلہ ہوگا وہ وہی کرے گا، جبکہ اراکین اسمبلی نے موجودہ ماحول کو سراہتے ہوئے اسے مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *