کرناٹک کی 11شاہراہوں کی ترقی کاآغاز
5736کروڑروپئے کی لاگت سے 915کلومےٹرطوےل سڑکوں کو ترقی دی جائے گی
بنگلور۔2جون(سالارنےوز)کرناٹک حکومت بجٹ میں اعلان کردہ ریاستی شاہراہوں کی ترقی کے سلسلہ مےں کام آگے بڑھا رہی ہے۔ محکمہ تعمیرات عامہ(پی ڈبلےوڈی) ریاست میں 11 بڑی شاہراہوں کو اپ گریڈ کر رہا ہے جس سے رےاست کے 12 اضلاع میں گاڑی چلانے والوں کو کافی فائدہ پہنچے گا۔ ریاستی شاہراہ کو ترقی دینے کے لئے حکومت سے متعدد بار درخواست کی گئی تھی ، ہموار سڑکیں نہ ہونے کی وجہ سے سواریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا اور شاہراہوں پر پڑے گڑھوں کودےکھ کرگاڑی چلانے والے حےران ہوگئے تھے۔ اس لیے حکومت کے سامنے ریاستی شاہراہ کی ترقی کی تجویز پیش کی گئی تھی اور سدارامیا نے بجٹ میں ریاستی شاہراہ کی ترقی کے لئے فنڈز بھی مختص کیے تھے۔ اب اس پر عمل درآمد کر دیا گیا ہے۔ پہلے پیکیج میں ریاستی شاہراہوں کو چوڑا کرنا، جہاں ضرورت ہو وہاں لین بڑھانا، تارکول بچھانا، جنکشن کی تعمیر، سڑکوں پر روشنی اور دیگر سہولتےں فراہم کرنا شامل ہے۔ پہلے پیکیج میں منڈیا، چامراج نگر اور میسور میں 266 کلومیٹر سڑکوں کی ترقی کی تےا ری کی جارہی ہے۔ کیرلا کی سرحد پر ملولی سے بٹالی تک اسٹیٹ ہائی وے 33مےں 141 کلومیٹر لمبی ۔ا سٹیٹ ہائی وے 79مےں ہنور اور پالار (راما پور) کے درمیان کلومیٹر اور 70 کلو میٹر کی ترقی اس پیکیج میں شامل ہے۔ دوسرے پیکیج میں مڈیکیری اور ڈونیگال کے درمیان 95 کلومیٹر کا راستہ ، سری رنگاپٹن اور چنرایا پٹن کے درمیان 63 کلومیٹر۔ ماگڈی اور ہنسناہلی 95 کلومیٹر کی ترقی بھی شامل ہے۔ ترقی کی لاگت کتنی ہے؟اس کی جانکاری بھی فراہم کی گئی ہے۔ ان 11 شاہراہوں کی ترقی پر 5736 کروڑ روپئے خرچ کیے جا رہے ہیں۔ ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) اور ورلڈ بینک جیسے عظےم مالےاتی اداروں سے مالی امداد حاصل کی گئی ہے۔ ریاست کی سڑکوں اور شاہراہوں کی ترقی میں محکمہ تعمیرات عامہ میں کے۔شپ منصوبے نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔