حج درخواستو ں کی ویٹنگ لسٹ میں زیادہ سے زیادہ کو منظور کروایا جائے گا
دوسرے مرحلہ میں عازمین کی روانگی یقینی،گلبرگہ و منگلورو میں حج بھون کےلئے سنگ بنیادجلد: ذوالفقار ٹیپو
بنگلورو۔12ستمبر(سالار نیوز)حج 2026کےلئے کرناٹک سے جن لوگوں نے درخواست داخل کی ہے ان میں سے 9818کو ویٹنگ لسٹ میں شامل کیا گیا تھا ان میں سے زیادہ سے زیادہ درخواست گزاروں کو سفرحج پر روانہ کرنے کےلئے ریاستی حج کمیٹی کی طرف سے جدوجہد جاری ہے۔ ےہ بات کرناٹکا اسٹیٹ حج کمیٹی کے چیرمین ذوالفقار احمد خان ٹیپو نے بتائی۔ حج کمیٹی کی میٹنگ کے بعد اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کی ان گیارہ ریاستوں میں کرناٹک بھی شامل ہے جہاں زیادہ تعدادمیں درخواستیں داخل ہوئی ہیں۔ جن ریاستوں کے مقررہ کوٹے سے کم درخواستیں داخل ہوئی ہیں ان کے کوٹے کو دیگر ریاستوں میں تقسیم کیاجائے گا۔ اس کے علاوہ حکومت سعودی عرب سے حج کمیٹی آف انڈیا کو اب تک محض ایک لاکھ کا حج کوٹہ منظورکیا گیا ہے۔ مزید 23ہزار کا کوٹہ ملنے کی امید ہے ان تمام باتوںکے پیش نظر یقین ہے کہ کرناٹک میں ویٹنگ لسٹ میں جتنے درخواست گزار ہیں ان میں سے زیادہ تعداد کو منظوری مل جائے گی۔اس کا امکان زیادہ ہے کہ دوسرے مرحلہ میں کرناٹک کے عازمین بنگلورو سے جدہ کےلئے روانہ ہوں گے ۔ حالت احرام میں حجاج بنگلور و سے جدہ اور مکہ مکرمہ جا سکیں گے۔ مرکزی وزیر اقلیتی امورکرن رجیجو سے ملاقات کے دوران اس کےلئے درخواست کی تھی ۔ انہوں نے یقین دلایا تھا کہ اگلے سال کرناٹک کے حاجی دوسرے مرحلہ میں جائیں گے۔ ٹیپو نے کہا کہ گلبرگہ میں حج بھون کی تعمیر کے لےے20ستمبر کو مقررہ سنگ بنیاد کا پروگرام ملتوی کیا جا چکا ہے۔ گلبرگہ اور منگلورو میں حج بھون کی تعمیر کے بارے میں کمیٹی کے اراکین کے ساتھ تبادلہ خیال کیا گیاہے۔
حج بھون انیکس: حج بھون کے احاطہ میں حج بھون انیکس کی تعمیر جس کا اعلان وزیر اعلیٰ سدارامیا نے بجٹ میں کیا تھا، اس عمارت کےلئے بھی جلد ہی سنگ بنیاد رکھا جائے گا ۔ اس عمارت کی تعمیر کے ساتھ ہی عازمین حج کو وداع کرنے کےلئے آنے والے رشتہ داروں کے قیام کی سہولت کے ساتھ ساتھ دیگر پروگراموں کے اہتمام کےلئے ایک مستقل سہولت ہو جائے گی۔ میٹنگ میں ریاستی وقف بورڈ کے چیرمین محمد علی الحسینی، حج کمیٹی کے ایگزی کیٹو آفیسر سرفراز خان ، کمیٹی کے ممبران مولانا محمد زین العابدین، سید مجاہد، سید شاہد احمد، سید مزمل،وا صل علی خان و دیگر شامل رہے۔

