سابق بی جے پی حکومت کے دور میں کے کے آر ڈی بی فنڈز کی لوٹ۔پرینک کھرگے کا سنگین الزام
آراےس اےس واقعی خدمت گزارتنظےم ہے تواپنا رجسٹرےشن کروائے
بنگلور۔16نومبر(سالارنےوز)کلبرگی میں ریاستی وزیر پرینک کھرگے نے الزام عائد کیا ہے کہ سابق بی جے پی حکومت کے دور میںکلےان کرناٹک ڈےولپمنٹ بورڈ (کے کے آر ڈی بی) کے ترقیاتی فنڈز کو آر ایس ایس سے وابستہ افراد نے منظم طریقے سے لوٹا۔ وزیر نے کہا کہ وہ اس مبینہ مالی بے ضابطگی سے متعلق تفصیلی دستاویزات جلد عوام کے سامنے پیش کریں گے۔پرینک کھرگے کے مطابق آر ایس ایس ایک غیر رجسٹرڈ تنظیم ہے، جس کے باعث اس کی مالی سرگرمیوں پر کوئی حکومتی نگرانی یا آڈٹ نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہاکہ اگر آر ایس ایس واقعی ملک کی خدمت کرتی ہے تو اسے رجسٹرڈ تنظیم کے طور پر سامنے آنا چاہیے تاکہ اس کی آمدنی اور اخراجات کا باقاعدہ حساب لیا جا سکے۔انہوں نے یہ بھی سوال اٹھایا کہ جب تنظیم کا کوئی رجسٹریشن ہی نہیں ہے، تو پھر آر ایس ایس کو دی جانے والی ”گوردکھشِنا“ کا آڈٹ کیوں نہیں کیا جاتا؟ ان کے مطابق عوام کا پیسہ غیر شفاف انداز میں استعمال ہونا انتہائی تشویش ناک ہے۔وزیر نے کہا کہ آر ایس ایس اور بی جے پی کے درمیان فنڈز کے استعمال میں ”قابلِ اعتراض تعلقات“ موجود رہے ہیں، اور ان کی جانب سے اس انکشاف کا سلسلہ ابھی شروع ہوا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ بہت جلد مزید ثبوتوں کے ساتھ بڑی بے ضابطگیوں کا پردہ فاش کیا جائے گا۔پریانک کھرگے کے ان الزامات کے بعد ریاست کی سیاسی فضا میں ہلچل مچ گئی ہے، جبکہ بی جے پی کی جانب سے ابھی تک اس بیان پر کوئی باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا۔