نیشنل کونسل آف ایجوکیشنل ریسرچ اینڈ ٹریننگ نے 12ویں اور 11ویں جماعت کی پولیٹیکل سائنس کی کتاب میں کئی بڑی تبدیلیاں کی ہیں۔ جس میں NCERT نے 12ویں کلاس کی پولیٹیکل سائنس کی کتاب سے لفظ ‘بابری مسجد’ کو ہٹا دیا ہے۔ اس کی جگہ ‘تین گنبد ڈھانچہ’ کی اصطلاح استعمال کی گئی ہے۔ اب کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اسد الدین اویسی نے اس کو لے کر این سی ای آر ٹی اور مودی حکومت کو نشانہ بنایا ہے۔
در اصل ، کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اور حیدرآباد کے موجودہ لوک سبھا ایم پی اسد الدین اویسی نے ایکس پر ایک پوسٹ لکھتے ہوئے کہا کہ این سی ای آر ٹی نے بابری مسجد کی جگہ “تین گنبد ڈھانچہ” کے الفاظ لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ این سی ای آر ٹی نے ایودھیا کے فیصلے کو “اتفاق رائے” کی مثال کے طور پر بیان کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ اویسی نے مزید کہا کہ ہندوستان کے بچوں کو معلوم ہونا چاہئے کہ سپریم کورٹ نے بابری مسجد کے انہدام کو ایک “سنگین مجرمانہ فعل” قرار دیا ہے۔