
بنگلورو۔10 فروری (سالار نیوز)شہر بنگلورو سمیت ریاست کے مختلف مقامات پر سفر عمرہ کےلئے لے جانے کے نام پر مختلف نام نہاد ٹور آپرےٹروں کی مبینہ دھوکہ دہی اور اس سے زائرین کو ہونے والے نقصان کو روکنے کےلئے ضروری اقدامات پر تبادلہ خیال کےلئے پےر کے روز شہر کے حج بھون میں ایک میٹنگ کا اہتمام کیا گیا جس میں کرناٹکا اسٹیٹ حج کمیٹی کے چیرمین ذوالفقار ٹیپواور کمیٹی اراکین کے علاوہ کرناٹکا اسٹیٹ حج آرگنائزرس اسوسی ایشن کے عہدیداروں اور اراکین نے شرکت کی۔اس میٹنگ میں شرکاءنے غیر منظور شدہ ٹور آپریٹروں کی طرف سے کم خرچ پر عمر ہ کروانے کے بہانے سے لوگوں سے رقم اینٹھ کر ان کو دھوکہ دینے کے واقعات میں اضافہ کو تشویشنا ک قرار دیا۔ اس موقع پر ذوالفقار ٹیپو نے کہا کہ آنے والے دنوں میں اگرایسے کسی بھی فراڈ ٹور آپرےٹرکا پتہ چلاتو سرکاری ادارہ ہونے کے ناطے ریاستی حج کمیٹی پولیس کی مدد سے اس کے خلاف کارروائی یقینی بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عمرہ کےلئے عازمین کو لے جانے والوں میں بہت سارے ایسے آپریٹرس بھی ہیں جو دیانتداری سے اپنا کام کر رہے ہیں لیکن مٹھی بھر دھوکہ بازروں کی وجہ سے تمام کی نیک نامی متاثر ہو رہی ہے ایسا ہونے نہیں دیا جائے گا انہوں نے کہا کہ مرحلہ وار مرکزی حج ایکٹ کے دائرہ میں رہتے ہوئے ریاستی سطح پر حج کمیٹی کی طرف سے ایسے رولس بنائے جائیں گے جن کے ذریعہ عمرہ اور زیارتوں کےلئے زائرین کو لے جانے والوں کے کاموں کی نگرانی ہو سکے۔اس موقع پر کرناٹکا اسٹیٹ حج آرگنائزس اسوسی ایشن کے صدر شوکت علی سلطان ، جنرل سکریٹری شفیع احمد، خازن فہےم اللہ اور دیگر اراکین نے کہا کہ جو بھی پرائےوٹ ٹور آپریٹر عمرہ کےلئے زائرین کو لے جا رہا ہے ا س کےلئے ےہ لازمی قرار دیا جائے کہ وہ اپنا سارا مالی لین دین بینکنگ نظام کے تحت کرے۔ اس بات کی مانگ کی گئی ہے اس سے اصرار کیا جائے کہ وہ اپنا جی ایس ٹی رجسٹریشن کروائے ۔ اس کے ساتھ ہی شاپ اینڈ اسٹابلشمنٹ سرٹی فکیٹ حاصل کرے ۔شوکت علی سلطان نے بتا کہ ان کی اسوسی ایشن میں رکنیت حاصل کرنے کے بنیادی تقاضوں میں ان تمام دستاویزات کے علاوہ مقامی مسجد کی طرف سے سند تصدیق بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمرہ کے نام پر لوگوں کو ٹھگنے کے اس سلسلہ کو روکنے کےلئے حج کمیٹی کی طرف سے جو بھی قدم اٹھایا جائے گا اس کا اسوسی ایشن کی طرف سے بھر پو ر ساتھ دیا جائے گا۔ سفر حج بیت اللہ کےلئے پرائےویٹ آپرےٹروں کے ذریعہ جانے والے عازمین کو ٹیکہ لگوانے کے بارے میں معاملہ اٹھائے جانے پر چیئرمین نے یقین دلایا کہ حسب سابق حج کمیٹی کی طرف سے تال میل کے ساتھ بنگلورو سمیت دیگر مقامات پر عازمین کو ٹیکہ لگانے کا انتظام کروایا جائے گا۔ اس موقع پر حج کمیٹی کے ایگزی کیٹیو آفیسر سرفراز خان سردار نے کہا کہ حج کمیٹی ایک سرکاری ادارہ ہے اس کی طرف سے اگر ےہ دےکھا گیا کہ کہیں زائرین کو دھوکہ دیا جا رہا ہے تو ایسے خاطےوں کے خلاف کارروائی کےلئے پولیس کی مدد لی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عمرہ کے زائرین کو لانے لے جانے کے بارے میں ایک ضابطہ تیار کرنے کی پہل کافی وقت پہلے ہی کی جا چکی ہے۔جلد ہی اس کو قطعیت دے کر حکومت کو روانہ کیا جائے گا تاکہ اس کو نافذ کیا جا سکے۔ اس پروگرام میں حج کمیٹی کے اراکین مولانا محمد زین العابدین رشادی، سید مجاہد،سید شاہد احمد،حج کمیٹی کے نوڈل آفیسر محمد صدیق، کرناٹکا حج آرگنائزرس اسوسی ایشن کے صدر شوکت علی سلطان، جنرل سکریٹری شفیع احمد ، خازن فہےم اللہ، کے علاوہ اراکین میں عبدالعلےم ، چاند بھائی، ذیشان اور دیگر شامل تھے۔