انڈر ورلڈ ڈان متپا رائے کے فرزندرکی رائے پر قاتلانہ حملہ
فائرنگ میں شدید زخمی، ابتدائی جانچ کے بعد چار افراد کے خلاف ایف آئی آر درج
بنگلورو۔19 اپرےل (سالار نیوز)کل دیر رات شہر میں ایک دور کے اٹر ورلڈ ڈان رہ چکے آنجہانی متپا رائے کے بیٹے رکی رائے پر شرپسندوں نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں شدید زخمی حالت میں ان کو شہر کے ایک اسپتال میں علاج کےلئے داخل کروایا گیا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ رات 11.30بجے کے آس پاس رکی رائے پر رام نگر ضلع کے بڈدی کے پاس موجود ان کے مکان کے باہر اس وقت حملہ کیا جب وہ اپنی کار میں کہیں جانے والے تھے اس وقت ان کا ڈرائیور اور ان کی سیکورٹی کے جوان بھی ان کے ساتھ تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ حملہ آوروں نے رکی رائے پر دوگولیاں چلائیں۔ دےکھتے ہی دیکھتے کار کے شیشے چکنا چو ر ہو گئے ۔ اس حملہ میں رکی رائے کہ چہرے اور ہاتھ پر شدید زخم آئے ہیں ۔ فوری طور پر رکی رائے کو بڈدی کے ایک نجی اسپتال منتقل کر کے ابتدائی علاج کروایا گیا اور بعد میں ایک بڑے اسپتال منتقل کیا گیا۔جیسے ہی اطلاع ملی بڈدی پولیس وہاں پہنچ گئی اور اس نے صورتحال کا جائزہ لیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ رکی اپنے گھر سے بنگلورو جانے کےلئے نکل رہے تھے کہ باہر انتظار کر رہے حملہ آ وروں نے ا ن پر فائرنگ کر دی۔ چونکہ رکی رائے کار میں پچھلی نشست پر تھے اس لئے ان کو زیادہ چوٹ نہیں آئی ۔اس حملہ کے سلسلہ میں ابتدائی جانچ کے بعد پولیس نے رکی رائے کے ڈرائیور کی اطلاع پر انورادھا، راکیش ملی،نتیش شیٹی اور ویدیاناتھن کے خلاف ایف آئی آر درج کر چکی ہے اور آگے کی کارروائی کر رہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس سے پہلے بھی رکی پر کئی بار حملہ کرنے کی کوشش کی گئی۔بتایا جاتا ہے کہ خاندانی رنجش اور رئےل ایسٹےٹ کے کاروبار میں رقابت کے نتیجہ میں رکی رائے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ پولیس اس معاملہ میں تمام زاویوں سے جانچ کر رہی ہے۔ ریاستی وزیر داخلہ ڈاکٹر جی پرمیشور نے کہا کہ انہو ں نے افسروں کو اس کیس کے بارے میں مزید معلومات فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زخمی رکی رائے کو شہر کے منی پال اسپتال میں داخل کروایا گیا ہے ان کی حالت میں سدھار کے بعد ان سے اس بارے میں پولیس بیان لے گی اور خاطیوں کے خلاف کارروائی کرے گی۔