اراکین اسمبلی کی ناراضگی دور کرنے کےلئے ان سے بات کی جائے گی
آج دہلی میں صدر ہند سے ملاقات طے، ریاست کے زیر التواءبلوں کو منظوری کی مانگ کی جائے گی:سدارامیا
بنگلورو۔23 جون(سالار نیوز)وزیر اعلیٰ سدارامیا نے کہا ہے کہ کانگریس اراکین اسمبلی کی جو بھی ناراضگی ہے اس کو دور کرنے کےلئے وہ ان کو طلب کر کے ان سے بات چیت کریں گے۔ رائچور میں اخباری نمائندو ں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رکن اسمبلی بی آر پاٹل سے انہوں نے کہا تھا کہ رائچور میں ان سے آکر ملیں ۔ پاٹل نے کہا کہ وہاں کے پروگرام میں ان کو مدعو نہیں کیا گیا ہے اس لئے وہ نہیں آسکتے۔ اس پر انہوں نے کہا ہے کہ 25جون کو وہ بنگلورو آکر ان سے بات چیت کریں گے۔کاگواڑ کے رکن اسمبلی راجو کاگے کے بیان کے بارے میں لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان سے بھی بات چیت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کا کوئی مخصوص گرانٹ نہیں ہے۔ ایسا کوئی گرانٹ انہوں نے بجٹ میں اعلان بھی نہیں کیا۔ راجو کاگے نے وزیر اعلیٰ کے مخصوص فنڈ کے تحت کس گرانٹ کا حوالہ دیا ہے جب تک اس کی وضاحت نہیں ہو جاتی اس کے بارے میں وہ کچھ نہیں کہہ سکیں گے ۔ جہاں بھی ضرورت پڑے وہاںخصوصی گرانٹ دیا جاتا ہے لیکن اسے وزیر اعلیٰ کا گرانٹ نہیں کہا جا سکتا۔ رکن اسمبلی بیلو رو گوپال کرشنا کی طر ف سے وزیر ہاو¿زنگ ضمیر احمد خان سے استعفیٰ کی مانگ کے بارے میں لا علمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام برہم اراکین اسمبلی کو طلب کر کے ان سے وہ بات چیت کریں گے ان کی جو بھی شکایت ہے اس کا ازالہ کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ غیر قانونی کانکنی کے بارے میں وزیر قانون ایچ کے پاٹل کے مکتوب کے بارے میںایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس پر ریاستی کابینہ میں بحث کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے ۔ اس سے قبل جسٹس سنتوش ہےگڈے نے غیر قانونی کانکنی کے بارے میں بحیثیت لوک آیوکتہ جانچ کر کے جو رپورٹ حکومت کو دی ہے اس کا حوالہ دیا گیا ہے کابینہ میں اس پربات ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے دور اقتدار میں انہوں نے اسمبلی میں اس رپورٹ پر بحث کرنی چاہی تو اس وقت جناردھن ریڈی اور سری راملو نے انہیں چیلنج کیا تھا کہ بلاری آئیں تو ان کو دےکھ لیں گے اس چیلنج کو قبول کرنے ہوئے انہوں نے بلاری تک پےدل یاترا نکالی ۔ اب ا س بارے میں ایچ کے پاٹل نے جو مکتوب روانہ کیا ہے اس پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ دورہ دہلی کے بارے میں سدارامیا نے کہا کہ انہوں نے وزیر اعظم مودی سے ملاقات کےلئے وقت مانگا ہے۔ اس کے علاوہ ریاست کے بہت سارے بل منظوری کےلئے منتظر ہیں اس پر بات چیت کےلئے کل وہ صدر ہند سے ملاقات کریں گے۔وزیر اعظم اور وزیر خزانہ سے ملاقات کے دوران وہ کلیان کرناٹک کی ترقی کےلئے مرکزی حکومت سے فنڈس فراہم کرنے کی مانگ کریں گے۔