urdu news today live

مسلمانوں کو کاشت کاری کی زمین کی حوالگی۔ کانگریس رکن اسمبلی کی مخالفت
زمین دینے والے افسر کو پھانسی پر لٹکانے کی دھمکی
بنگلورو۔23 جون(سالار نیوز)اب تک بی جے پی اور سنگھ پریوار کے لوگ مسلم دشمن بیانات دیتے آ رہے تھے۔ اب کرناٹک کے منڈیا ضلع کے سری رنگا پٹن کے رکن اسمبلی رمیش بنڈی سدے گوڑا نے مسلم دشمنی کی تمام حدوں کو پار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کاشت کاری کےلئے سرکاری زمین اگرمسلمانوں کے نام کی گئی تو اس زمین کو مسلمانوں کے نام کرنے والے سرکاری آفسیر کو پھانسی پر لٹکا دیا جائے گا۔ سری رنگا پٹن کے مہا دیو پورا علاقہ میں رکن اسمبلی کے علم میں کچھ لوگوں نے ےہ بات لائی کہ محکمہ محصولات کے آفیسر کاشت کاری کی زمین مسلمانوں کے نام پر کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ اس زمین پر مسلمان کافی عرصہ سے کاشت کاری کرتے آ رہے ہیں ۔ افسر اس بنیاد پر ان زمینا ت کے کھاتے مسلمانوں کے نام کر دینے کی تیاری میں ہیں ۔ رمیش بنڈی سدے گوڑا نے کہا کہ کاشت کاری کرنے والوں نے ان سے رجوع کیا تھا اور ان سے درخواست کی تھی کہ اس زمین کا کھاتہ ان کے نام کر دیا جائے اس مرحلہ میں انہوں نے ان سے کہا کہ فی الوقت ایسا نہیں کیا جا سکتا آگے دیکھیں گے۔ رمیش نے اس مرحلہ میں کہا کہ اگر سرکاری زمین مسلمانوں کے نام کرنے کی کوشش کی گئی تو ایسا کرنے والے افسرکو یقینی طور پر پھانسی پر لٹکادیا جائے گا۔ کانگریس رکن اسمبلی کی طرف سے افسروں کو اس طرح کی دھمکی کا ویڈیو بھی وائرل ہوا ہے جس کے بعد ان کے اس روےہ کی شدید نکتہ چینی کی جا رہی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *