رائچور میں 936 کروڑ روپے کے ترقیاتی کاموں کا افتتاح
ضلع کے لوگوں کی حمایت ہمیشہ ہمارے ساتھ ہے،کلیان کرناٹک کانگریس کا گڑھ ہے:وزیراعلیٰ
رائچور، 23 جون(سالار نیوز) وزیر اعلیٰ سدارامیا نے کہا کہ رائچور حلقہ میں آج 936کروڑ کے ترقیاتی کاموں کا افتتاح کیا گیا ہے جس سے کانگریس حکومت اپنے وعدوں کو پورا کرنے کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔وہ درج فہرست قبائل کی بہبود محکمہ اور ضلع انتظامیہ کے زیر اہتمام قبائلی ثقافتی میلے کا افتتاح کرنے کے بعد، آدیکاوی مہارشی والمیکی یونیورسٹی کے نام کی تختی کی نقاب کشائی اور 371 ویں ترمیم کو منظور کرنے کی سالگرہ تقریبات میں شرکت کے بعد بات کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت ترقی کےلئے پرعزم ہے۔ ہم نے اس الیکشن کے دوران 560 گارنٹیاں دینے کا وعدہ کیا تھا۔ ان میں سے 235 پہلے ہی پورے ہو چکے ہیں، اور باقی اگلے تین برسوں میں مکمل ہو جائیں گے۔انہوں نے پچھلی بی جے پی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا کہ وہ ترقی کو نظر انداز کر رہی ہے اور اب کانگریس کی کامیابیوں پر مایوسی کی وجہ سے جھوٹے پروپیگنڈے کا سہارا لے رہی ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ2013 سے 2018 تک، ہماری پچھلی حکومت نے تمام وعدے پورے کئے اور 30 مزید وعدے بھی نبھائے جو منشور کا حصہ نہیں تھے۔ مرکز میںمودی کی زیرقیادت حکومت کے تحت مہنگائی میں زبردست اضافہ کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے نشاندہی کی کہ کس طرح سونا، چاندی، چاول، دالوں، کوکنگ آئل، ایل پی جی، پیٹرول، ڈیزل اور کھاد کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے، جس سے عام شہریوں پر بوجھ پڑا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مرکز میں اقتدار میں ہونے کے باوجود بی جے پی عوام سے بے شرمی سے جھوٹ بول رہی ہے۔کلیان کرناٹک کی ترقی کےلئے دفعہ 371Jکی تاریخی اہمیت پر زور دیتے ہوئے سدارامیا نے یاد دلایا کہ یہ کانگریس لیڈروں جیسے ملکارجن کھرگے اور دھرم سنگھ کی انتھک کوششوں کا نتیجہ ہے، جن کی حمایت منموہن سنگھ کی قیادت والی یو پی اے حکومت نے کی۔ بی جے پی نے اس تاریخی قدم کی مخالفت کی۔ جب واجپائی وزیر اعظم تھے، اڈوانی نے کہا کہ 371Jممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار میں آنے کے بعد سے، کانگریس حکومت نے کلیان کرناٹک کی ترقی کےلئے 13,500 کروڑ مختص کیے ہیں اس عزم کے ساتھ کہ مزید فنڈز مختص کئے جائیں گے انہوں نے کہا کہ371Jکی وجہ سے، ہمارے نوجوان اب انجینئر، ڈاکٹر، اور اعلیٰ افسربن رہے ہیں۔ یہ ہماری کامیابی ہے۔