urdu news today live

حضرت حمیدشاہؒ حضرت محب شاہ آئی ٹی آئی میں نوجوانوں کی ہنرمندی کےلئے نئے کورسز متعارف
بنگلورو، 31 جولائی(سالار نیوز)شہر بنگلورو کے معروف ادارے حضرت حمید شاہ ؒ حضرت محب شاہؒ درگاہ کی مجلس منتظمہ کی طرف سے حمید شاہ ؒ کامپلکس میں چلائے جا رہے آئی ٹی آئی میں نوجوانوں کو ہنر مندی کے نئے نئے کورسوں میں تربیت کےلئے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں۔ جمعرات کے روز ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اس ادارے کے اڈمنسٹریٹر جی اے باوا نے بتایا کہ حمید شاہؒ آئی ٹی آئی میں نوجوانوں کو ہنرمندی کی بہترین تربیت دینے کےلئے مختلف کورسس دستیاب ہیں اور ان کو بہت ہی کم فیس پر نہ صرف ہنرمندی، بلکہ شخصیت سازی اور اخلاقیات کی تربیت سے آراستہ کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر پرسیڈنسی یونیورسٹی کے وائس چیئرمین سہےل احمد نے کہا کہ اس ادارہ کے تحت تربیت حاصل کرنے والے نوجوانوں کو حالات حاضرہ کے تقاضوںکی روشنی میں ہنر مندی کی تربیت کے ساتھ ساتھ معاشرے میں موجود مختلف برائیوں بشمول منشیات، سگریٹ نوشی اور دیگر بری عادتوں سے دور رکھنے اور جو پہلے ہی سے ان میں مبتلا ہیں ان کی رہنما ئی اور اصلاح کرنے کی طرف سے خصوصی توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس ادارہ کی طرف سے مختلف شعبوں میں جو خدمات انجام دی جا رہی ہیں وہ قابل ستائش ہیں۔ ان میں حمیدشاہ ؒ آئی ٹی آئی کے علاوہ سرکاری وی کے عبید اللہ اسکول ، شیواجی نگر کو گود لے کر وہاںکا سارانظام چلانا، حمیدشاہ کامپلکس کے احاطہ میں تمام سہولتوں سے آراستہ ڈیالسس سنٹر ، بلڈ بینک اور دیگر شامل ہیں۔ اس موقع پر مجلس منتظمہ کے دیگر اراکین کے علاوہ آئی ٹی آئی کے پرنسپل ناصر خان نے اپنے اس ادارے کی خدمات پر روشنی ڈالی اور کہا کہ آئی ٹی آئی میں فروغ ہنرمندی کےلئے جو بہترین مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں نوجوان ان سے بھرپور استفادہ کریں ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *