
بنگلورو۔15 فروری (سالار نیوز) مرکزی وزیر برائے ریلویز ، اطلاعات، الےکٹراٹکس اور آئی ٹی اشون ویشنو نے کہا ہے کہ شہر کے کیمپے گوڈا انٹرنیشنل ایئر پورٹ کو بس، میٹرو ، سب اربن ریل نظام سے ہم آہنگ کرنے کے ساتھ ساتھ دیون ہلی سے ملک کے مختلف شہروں کےلئے راست ریل خدمات شروع کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کو عملی شکل دینے میں چند تکیکی رکاوٹیں حائل ہیں ان کو سلجھا نے کےلئے ریلوے افسروں کی ٹیم مسلسل کام کر رہی ہے۔ بنگلورو میں عنقریب ایک ایسی موبائل مینوفیکچرنگ کمپنی قائم ہونے جا رہی ہے جس کے ذریعے 40تا 50ہزار لوگوں کو روزگار مل سکتا ہے۔ہفتہ کے روز شہر میں ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں بڑی صنعتوں کے قیام کی طرف خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ بجٹ میں اس سے متعلق اہم اعلانات کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں کھلونوں، چپل،خوردنی اشیاء، غذائی پروسیسنگ وغیرہ صنعتو ں کی طرف خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے بعد ملک میں متوسط اور چھوٹی صنعتوں کی حالت میں جو گراوٹ آئی تھی وہ دھےرے دھےرے سدھر رہی ہے ان صنعتوں کو مستحکم کرنے کےلئے بجٹ میں کئی اقدامات کا اعلان ہوا ہے اوران پر عمل بھی کیا جا رہا ہے۔ ان صنعتوں کو قرضوں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ سدھرنے کےلئے کئی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں ۔ اس موقع پر ریاستی بی جے پی صدر بی وائی وجیندرا، مرکزی وزیر شوبھا کارندلاجے، رکن پارلیمنٹ پی سی موہن،ڈاکٹر منجوناتھ،تیجسوی سورےہ،لےہر سنگھ،کونسل کے اپوزیشن لےڈر چلوادی نارائنا سوامی اور دیگر موجود تھے۔