
بنگلورو۔9 مارچ (سالار نیوز)نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیو کمار نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں کو سیاستدانوں سے دور رکھیں اور ان میں سیاسی شخضیتوں کو دخل اندازی کرنے نہ دیں ورنہ ےہ ادارے تباہ ہو جائیں گے۔ ملولی میں ایک اسکول کی عمارت کا افتتاح کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنتا دل، بی جے پی ، کانگریس ، رعیت سنگھا اسی طرح کسی بھی سیاسی جماعت سے جڑے کارندوں کو تعلیمی اداروں کے انتظامےہ میں داخل ہونے نہ دیں ۔ انہوںنے کہا کہ ےہ سیاستدان سب سے پہلے کچھ بچوں کی فیس کم کرنے کی سفارش کے ساتھ پہنچتے ہیں وہیں سے ان کو مسترد کردیں ان کی سفارش سے آنے والے کسی بھی بچے کی فیس میں رعایت نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ فیس میں رعایت دے دی گئی تو اسکولس چلانا دشوار ہو جائے گا ساتھ ہی تعلیمی معیار بھی متاثر ہو گا۔انہوں نے کہا کہ آج ضرورت ہے کہ بچوں کو اس معیار کی تعلیم دی جائے کہ آگے چل کر وہ دنیا سے مقابلہ کرنے کی صلاحیت اپنے اندر پیدا کر سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کامعیار ایسا ہو کہ اس کے بل بوتے پر بچے اپنے مستقبل کو سنوارنے کا حوصلہ جٹا سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک کے سرکاری اسکولوں کو پبلک اسکولوں کے طرزپر ترقی دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ریاست میں سی ایس آر فنڈ کے استعمال سے 30اسکولوں کو ترقی دی گئی ہے۔ شیو کمار نے کہا کہ انہوں نے اپنے حلقہ میں ٹویوٹا اور پرےسٹیج گروپ کی مدد سے 5-6کرناٹکا پبلک اسکولس کا سنگ بنیاد رکھا ہے۔ریاست بھر میں 2ہزار پبلک اسکولس قائم کرنا حکومت کا نشانہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں نے تعلیم کوتجارت بنا رکھا ہے۔ انہوںنے کہا کہ ےہ بات خوش آئند ہے کہ آج والدین میں ےہ احساس بیدار ہو چکا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو اتنی تعلیم سے آراستہ کرنا چاہتے ہیں کہ بچے دنیا کے ہر چیلنج کا سامنا کرنے کے قابل بنے۔