
بنگلورو۔9 مارچ (سالار نیوز)الامین تعلیمی اداروں میں عالمی یوم خواتین کے سلسلہ میں ایک بہت بڑے پروگرام کا اہتمام کیا گیا جس میں سیاسی ،سماجی اور تعلیمی میدان میں نمایاں خدمات انجام دینے والی خواتین کی نشاندہی کر کے ان کو اعزازات سے سرفراز کیا گیا۔ الامین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ کے زیر اہتمام منعقدہ اس پروگرام کا آغاز قرا¿ت سے ہوا۔ ڈاکٹربی اے انورادھا پرنسپل نے خیرمقدمی تقریر کی ۔ اس پروگرام میں جن خواتین کو الامین ویمن اچیورس ایوارڈ 2025سے سرفراز کیا گیا ان میں ڈپٹی کمشنر آف پولیس ، ساو¿تھ ایسٹ ڈیویژن سارہ فاطمہ آئی پی ایس ، ناہےدہ زم زم ،کے اے ایس، رجسٹرار ، ٹمکور یونیورسٹی،شبینہ سلطانہ ، کونسل برائے تیونیسےہ اور ڈاکٹر آسمہ بانو، ڈین و ڈائرکٹر ، بنگلورو میڈےکل کالج شامل ہیں۔ اس اعزاز کو قبول کرنے کے بعد ڈی سی پی سارہ فاطمہ نے کہا کہ آج کے دور میں خواتین کو معاشرہ میں اپنا مقام بنانے کےلئے عزم وحوصلہ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر موقع کو ایک چیلنج کے طور پر قبول کر کے ہر میدان میں خواتین کو کامیابی حاصل کرنے کی جدوجہد کرنی چاہئے۔ناہےدہ زم زم نے کہا کہ آج کے دور میں جہاں جرائم کی رفتا ر کافی تیز ہے ، خاص طور پر جبکہ جنسی جرائم بے تحاشہ بڑھ رہے ہیں خواتین کےلئے جینا مشکل ہو تا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کو بدلنے کی تحریک ہر گھر سے شروع ہونی چاہئے۔ جنس کی بنیاد پر امتیازات کو ختم کرنے کےلئے اس سے جڑے توہمات کو ختم کرنے پر انہوں نے زور دیا۔شبینہ سلطانہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہر دن خاتو ن کا دن ہو تا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن مجید نے مرد اور عورت کو مساوی حقوق دئےے ہیں علم حاصل کرنے سے خواتین کو مذہب اسلام نے کبھی نہیں روکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو ان کے اونچے مقاصد حاصل کرنے میں معاشرہ سے تعاون ملے تو وہ کچھ بھی کر سکتی ہیں ۔ ڈاکٹر آسمہ بانو نے کووڈ کے دوران شہر کے وانی ولاس اسپتال کی ڈائرکٹر کے طور پر ان کی خدمات کو یاد کیا اور کہا کہ کووڈ کے دور جب کوئی کسی کو چھونے کےلئے بھی تیار نہیں تھی وانی ولاس اسپتال میں 250زچگیاں انجام دی گئیں ۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو مثبت جذبے کے ساتھ آگے بڑھنا چاہئے۔ معاشرے کے منفی افکار کو ان کےلئے رکاوٹ بننے نہیں دینا چاہئے۔مظالم سے واقفیت حاصل کر کے ان کا جواب دینے کے حوصلہ کے ساتھ خواتین کو معاشرے میں سر بلند کر کے زندگی بسر کرنے کاعزم اپنے اندر پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ الامین ایجوکیشنل سوسائٹی کے اعزازی سکریٹری زبیر انور نے اپنے خطاب میں ہر میدان میں خواتین کی جدوجہد او ر کامیابی کی ستائش کی اور خواتین کو ہر میدان میں ترقی اور آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کرنے پر زور دیا۔عمر اسماعیل خان ، چیرمین الامین ایجوکیشنل سوسائٹی نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ جن خواتین کو اعزاز سے نوازا گیا ہے وہ چارو ںآج کی نوجوان لڑکیوں کے لئے حوصلہ کا سبب ہیں ان چاروں نے اپنے اپنے میدان میں جو کامیابی حاصل کی ہے وہ مثالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خدا پر یقین ، صبر واستقامت ، والدین کی اطاعت وخدمت،کردار سازی اور مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھیں، کبھی مایوس نہ ہوں ۔ ڈاکٹر ایچ آ ر سدھا ، پرنسپل، الامین کالج آف ایجوکیشن کے شکرےہ پر پروگرام ختم ہوا۔