
بنگلورو۔11 مارچ (سالار نیوز) سفر حج بیت اللہ کےلئے حج کمیٹی کے ذریعہ روانہ ہونے والے عازمین کو ماضی میں ےہ سہولت تھی کہ وہ اپنی روانگی اور واپسی کی تاریخ میں تبدیلی کر سکتے تھے اور ان کی ضرورت کے حساب سے ان کی روانگی اور آمد کی تاریخ میں حج کمیٹی کے افسر تبدیلی کرتے تھے اور اس کی وجہ سے ترتیب میں تبدیلی نہیں ہو پاتی تھی۔ لےکن امسال سے ےہ سہولت ختم کر دی گئی ہے اور ےہ بتایا گیا ہے کہ حج کمیٹی کی طرف سے عازمین کی روانگی کا جو شیڈیول تیار کیا جائے گا تمام عازمین کو اسی کے مطابق روانگی اورواپسی کا سفر کرنا ہو گا۔ ےہ بات منگل کے رو ز کرناٹک اسٹیٹ حج کمیٹی کے چیئرمین ذوالفقار احمد خان ٹیپو نے بتائی۔ممبئی میں حج کمیٹی آف انڈیا کے چیف ایگزیکٹےو آفیسر شاہنواز سے ملاقات کے بعدانہوں نے بتایا کہ حج 2025کےلئے بنگلورو سے عازمین حج کی روانگی کا سلسلہ 29اپرےل سے شروع ہو گا جو دو ہفتوں تک جاری رہ سکتا ہے ۔ تقریباً9ہزار عازمین حج بنگلورو ایمبارگیشن پوائنٹ سے مدینہ منورہ کےلئے روانہ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ تمام عازمین حج کو چونکہ امسال تمام تر تفصیلات پر مشتمل نسک کارڈ جاری کیا جائے گا اس میں ان کی روانگی اور واپسی کی تاریخوں کا انداراج بھی پہلے ہی سے کر دیا جائے گا اس لئے اس بار حج کیمپ کے دوران یا روانگی کے آخری مراحل میں سفر کی تاریخ میں تبدیلی نا ممکن ہو جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ماضی میں عازمین حج کی طرف سے سفر کی تاریخوں میں تبدیلی کروائی جا سکتی تھی لیکن سعودی حکومت کے نئے ضابطہ اور نسک کارڈ میں تمام تفصیلات کے لازمی طور پر اندارج کی وجہ سے ےہ سلسلہ ختم کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ سعودی عرب میں کرناٹک کے عازمین کے مدینہ منورہ، منیٰ، عرفات ، مزدلفہ اور پھر مکہ مکرمہ میں قیام کے دوران ان کا پاسپورٹ سرویس ایجنسیوں کی تحویل میں رہے گا اور اس مدت کے دوران ان کی پہچان کےلئے نسک کارڈ ہی ان کی واحد دستاویز رہے گی جس میں ان کی تمام تر تفصیلات درج رہیں گی ۔ محض ایک بار کوڈ کو اسکےن کرنے سے عازم کی انفرادی تفصیلات کے ساتھ ساتھ ان کی عمارت، مکتب نمبر ، روانگی کی تاریخ اور دیگر معلومات تک رسائی بہ آسانی ہوسکتی ہے۔ اس موقع پر ذوالفقار ٹیپو کے ساتھ حج کمیٹی کے نوڈل آفیسر محمد صدیق پاشاہ،حج ٹریٹنگ فورم کے سید اعجاز احمد، کے اے ایس ریٹائرڈ،حج کمیٹی کے آفیسر صبغت اللہ اور ثناءاللہ موجودتھے۔
lmd0pc