urdu news today live

روشن بیگ کی سالگرہ پر عوامی عقیدت اور قائدانہ خدمات کو خراج

بنگلور، 15 جولائی
کرناٹک کے ممتاز سیاسی رہنما اور سابق وزیر جناب آر۔ روشن بیگ کی سالگرہ کے موقع پر ان کی رہائش گاہ اور دفتر پر مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے پہنچ کر مبارک باد پیش کی۔ اس موقع پر ان کے مداحوں اور حامیوں کی بڑی تعداد نے دور دراز علاقوں سے پہنچ کر نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
اس موقع پر مختلف مذاہب کے نمائندوں، سماجی کارکنوں، علمائے کرام، صوفی مشائخ، اساتذہ، نوجوانوں اور مقامی عوام نے روشن بیگ کی صحت، درازیٔ عمر اور آئندہ کے لیے کامیابی کی دعائیں کیں۔ ان کی رہائش گاہ کے باہر لوگوں کا جمِ غفیر جمع رہا، جب کہ ایک منی ریڈی پالیہ درگاہ میں نیاز و لنگر کا اہتمام بھی کیا گیا جس میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی۔ مقررین نے روشن بیگ کی سیاسی بصیرت، اقلیتوں کی نمائندگی، بین المذاہب ہم آہنگی اور فلاحی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ ہر طبقے کی آواز بن کر اپنی ذمہ داریاں نبھائی ہیں۔ ان کی خدمات آج بھی عوام کے دلوں میں زندہ ہیں اور ریاست کی سیاست میں ان کا تجربہ و کردار نہایت اہمیت رکھتا ہے۔
کیک کاٹنے، گلپوشی اور دعائیہ لمحات کے ساتھ تقریب کا ماحول خوشگوار رہا۔ شرکاء نے جذباتی انداز میں اس بات کا اظہار کیا کہ روشن بیگ جیسے اعتدال پسند اور بصیرت افروز قائد کی ریاستی سیاست میں ایک بار پھر واپسی ہونی چاہیے، کیونکہ کرناٹک کو آج بھی اُن کی رہنمائی اور دانشمندانہ فیصلوں کی ضرورت ہے۔ روشن بیگ نے تمام حامیوں اور چاہنے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ محبت اور اعتماد ان کے لیے ایک عظیم سرمایہ ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ عوامی خدمت، تعلیمی میدان اور سماجی فلاح کے کاموں میں بھرپور حصہ لیتے رہیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *