
ڈسپلنری کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر رحمن خان کا سخت ایکشن
وزیر اعلیٰ کی تبدیلی پر بیان دینے والے دو کانگریس لیڈروں کو نوٹس
بنگلورو۔ 2 اکتوبر (سالارنےوز)کانگریس ڈسپلنری کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹرکے رحمن خان نے پارٹی ہدایت کی خلاف ورزی پر دو لیڈروں کو شوکاز(وجہ بتاﺅ) نوٹس جاری کیا ہے۔نوٹس ایم ایل اے ڈاکٹر رنگناتھ (کنیگل) اور سابق رکن پارلےمان ایل آر شیورامے گوڈا کو جاری کیا گیا ہے، جنہوں نے ڈی کے شیوکمار کے ممکنہ وزیراعلیٰ بننے سے متعلق میڈیا میں بیان دیا تھا۔پارٹی نے وزیراعلیٰ کی تبدیلی پر عوامی بیان دینے سے منع کیا تھا، مگر دونوں لیڈروں کے بیانات کو ڈسپلن کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے ایک ہفتے میں وضاحت طلب کی گئی ہے۔نوٹس میں دونوں لیڈروں کو یاد دلایا گیا ہے کہ آل انڈیا کانگریس کمیٹی (اے آئی سی سی) نے ہدایت جاری کی تھی کہ وزیراعلیٰ کی تبدیلی یا اس سے متعلق کسی بھی مسئلے پر کوئی عوامی بیان نہ دیا جائے۔ اس کے باوجود، ان لیڈروں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے غیر مجاز اور غیر سنجیدہ بیانات دیے، جو نہ صرف پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی ہیں بلکہ پارٹی کے لیے شرمندگی کا باعث بھی بنے۔چےرمےن ڈاکٹر کے رحمن خان نے ان بیانات کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے دونوں لیڈروں سے تحریری وضاحت طلب کی ہے، اور کہا ہے کہ اگر مقررہ وقت میں جواب نہ دیا گیا تو مزید کارروائی کی جائے گی۔