urdu news today live

میں نے کبھی نہیں کہا کہ میرے وزیراعلی بننے کا وقت آگیا ہے
میرا بیان توڑ مروڑکر پےش کیاگیا ہے: ڈی کے شیوکمار
بنگلورو۔11 اکتوبر(سالار نیوز)نائب وزیر اعلی ڈی کے شیوکمار نے آج واضح طور پر یہ کہتے ہوئے انکار کیا کہ ان کے وزیر اعلی بننے کا وقت آ گیا ہے اور کہا کہ ان کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ہے۔بنگلورو نڈیگے کے ایک حصے کے طور پر لال باغ میں عوام سے بات چیت کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا، “کچھ میڈیا ہاﺅسز میرے بیان کو توڑ مروڑ کر ایک تنازعہ کھڑا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ میں نے کبھی یہ نہیں کہا کہ میرے وزیر اعلی بننے کا وقت آگیا ہے۔شیو کمار نے بتایا کہ اگر کوئی میرے بیان کو توڑ مروڑ کر اسے نشر کرے گا تو میں ہتک عزت کا مقدمہ دائر کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ لال باغ میں عوامی بات چیت کے دوران، کچھ لوگوں نے کہا کہ مجھے وزیراعلی بننا چاہیے۔ لیکن میڈیا نے اسے توڑ مروڑ کر میرے بیان کے طور پر رپورٹ کیا ہے۔ خبروں کو توڑ مروڑ کر تنازعہ پیدا نہ کریں ۔انہوں نے مزید کہا کہ مجھے وزیر اعلی کی کرسی پر بیٹھنے کی جلدی نہیں ہے، میں سیاست کرنے کے لیے نہیں عوام کی خدمت کے لیے ہوں، میں دن رات عوام کی خدمت کے لیے کام کر رہا ہوں، اگر آپ اس طرح کی خبروں کو توڑ مروڑ کر پیش کریں گے تو میں آپ کے ساتھ تعاون نہیں کروں گا، میں آپ کو پریس کانفرنس اور دیگر پروگراموں میں مدعو نہیں کروں گا۔ شیو کمار نے کہا کہمیں نے ایسا بیان کہاں دیا ہے؟ میڈیا کو سیاست نہ کرنے دیں۔ میں نے ایسا کوئی بیان نہیں دیا اور نہ ہی مجھے ایسا بیان دینے کی ضرورت ہے۔ میں اپنے مقصد کو جانتا ہوں، وقت آنے پر خدا موقع دے گا، میں فی الحال بنگلورو اور کرناٹک کے لوگوں کی خدمت پر توجہ مرکوز کر رہا ہوں، لیکن میڈیا تنازعہ پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے، میں اس پر مقدمہ دائر کروں گا ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *